اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

149
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے جمعہ کو ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اماراتی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اسپیکر نے اماراتی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے درینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہیں ۔ پاکستان علاقائی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے تمام ممالک کے ساتھ وسیع بنیادوں پر تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان-عرب امارات فرینڈ شپ گروپس کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نےیو اے ای کی اسپیکر آف پارلیمنٹ کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کے معاشی اور اقتصادی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پاکستان کی پارلیمان دوطرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں شانہ با شانہ کھڑے ہیں۔پاکستان میں معاشی مواقع موجود ہیں جس سے اماراتی سرمایہ کار استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

پاکستان کی افرادی قوت انتہائی ماہر اور قابل ہے یو اے ای کی ترقی میں پاکستان کی افرادی قوت کا کردار قابل رشک ہے، اماراتی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں وفود کے تبادلوں سے دوطرفہ ہم آہنگی میں آضافہ ہو گا۔