اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سوات کے علاقے میں سیلابی ریلے کے باعث پیش آنے والے دلخراش سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد سمیت 18 سیاحوں کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ جمعہ کو انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹھن وقت میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک ہے۔
اس افسوسناک سانحہ پر دل شدید رنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے میں سیاحوں کے بہہ جانے کا منظر انتہائی دل دہلا دینے والا تھا، جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اس قومی سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک سانحہ پر ہر پاکستانی کا دل سوگوار ہے اور پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کرے۔ انہوں نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔