اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر بحرین کے اسپیکر ڈاکٹر احمد بن سلمان المسلم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ رکن قومی اسمبلی و رکن پاک۔بحرین فرینڈ شپ گروپ چوہدری محمد شہباز بابر نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ پر بحرین کے پاکستان میں تعینات سفیر بھی موجود تھے۔
بحرین کا پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران صدر، وزیر اعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کرے گا۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور بحرین کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بحرین کے اسپیکر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ بحرین کا پارلیمانی وفد اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران اہم تاریخی و ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔