18.8 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںاسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی عید الفطر کے پر مسرت...

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستانی قوم، دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کا دن خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو تقویت دینے اور شکر گزاری کا درس دیتا ہے۔ عیدالفطر نہ صرف ایک تہوار ہے بلکہ رمضان المبارک کے روزوں، عبادات، صبر اور قربانیوں کے بعد اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید کا تہوار ہمیں اپنے اہل خانہ، دوستوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشیوں بھرے ان لمحات میں ہمیں اپنے اردگرد موجود ان مستحق افراد کو نہیں بھولنا چاہیے جو وسائل کی کمی کا شکار ہیں اور ہماری مدد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایثار اور اخوت کے جذبے کو فروغ دے کر ہم معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو بدترین ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی بچے، عورتیں اور بزرگ شہید ہو چکے ہیں، بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے اور لاکھوں افراد خوراک، پانی اور طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی قابض افواج کی ظلم و زیادتی بھی عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ظلم و بربریت کی روک تھام کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ عید الفطر کے موقع پر ہمیں اپنے اختلافات کو بھلا کر ملکی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے اجتماعات ہمیں قومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی اختلاف کو بھلا کر ملک کو درپیش دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے متحدہ ہونے کی ضرورت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ہمیں اپنے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے جہنوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر وہ شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید الفطر اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ عیدالفطر کا بابرکت دن ہر پاکستانی کے لیے خوشی و امن کا پیغام لے کر آئے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کا دن ہر مسلمان کے لئے رحمت، مسرت اور برکت کا پیغام لے کر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کا حقیقی مقصد ایثار، محبت اور یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، غریبوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کی نعمت عطا فرمائے۔ انہوں نے دعا کی کہ عیدالفطر کا یہ مقدس دن پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن و خوشحالی کا باعث بنے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577465

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں