اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انٹرا پارٹی الیکشن میں بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان پیپلز پارٹی کا دوبارہ بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور بلاول بھٹو زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دوبارہ چیئرمین منتخب ہونا ان پر پیپلز پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کے مکمل اعتماد کا مظہر ہے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے عوام میں مقبولیت حاصل کی ہے،
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں جمہوریت اور عوامی حقوق کو فروغ ملا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے فروغ اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک مدبر اور زیرک سیاستدان ہیں، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہو گی اورجمہوریت کیلئے جدو جہد جاری رکھے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہمایوں خان کو پیپلز پارٹی کا سیکرٹری جنرل، ندیم افضل چن کو سیکرٹری اطلاعات اور آمنہ پراچہ کو سیکرٹری فنانس منتخب ہونے پربھی مبارکباد دی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہاراور پیپلز پارٹی کی نومنتخب قیادت کی کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا کی۔