28.2 C
Islamabad
اتوار, مئی 25, 2025
ہومقومی خبریںاسپیکر قومی اسمبلی کا افریقی ممالک کی حکومتوں، پارلیمانوں اور عوام کو...

اسپیکر قومی اسمبلی کا افریقی ممالک کی حکومتوں، پارلیمانوں اور عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ افریقہ کے موقع پر افریقی ممالک کی حکومتوں، پارلیمانوں اور عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ دن اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ افریقی اتحاد کی تنظیم (جو اب افریقی یونین کہلاتی ہے) کی بنیاد کی یاد دلاتا ہے اور افریقی براعظم کی ترقی اور امنگوں کا جشن منانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افریقی اقوام کے درمیان دیرینہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بین الپارلیمانی مکالمے کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ افریقہ افریقی ممالک کی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور باہمی احترام اور بہتر روابط کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

- Advertisement -

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے طویل مدتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ترقی، امن اور خوشحالی پر مبنی مضبوط شراکت داری کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے پاکستان کی ’’لُک افریقہ‘‘ اور ’’انگیج افریقہ‘‘ پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی آف پاکستان ان پالیسیوں کے تحت تجارت، تعلیم، صحت، اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے افریقی یونین کے علاقائی تعاون اور ترقی کے لیے کردار کو سراہا اور عالمی امن و استحکام میں افریقی اقوام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601025

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں