اسپیکر قومی اسمبلی کی رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر امت مسلمہ کو مبارک باد،رمضان المبارک صبر، تقویٰ اور ایثار کا درس دیتا ہے، اسپیکر سردار ایاز صادق

160
سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے، رمضان ہمیں صبر، تقویٰ، ایثار اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے، ماہ رمضان کی بابرکت سعادتیں ہمیں اپنے اعمال کا جائزہ لینے، اللہ کی رضا کے لیے اپنی زندگی میں بہتری لانے اور اپنے کردار کو سنوارنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس مقدس مہینے میں قرآنِ کریم نازل فرمایا، جو ہمارے لیے ہدایت اور روشنی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس کو برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ دل کی پاکیزگی، روحانی تربیت اور قربِ الٰہی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ رمضان المبارک ہمیں جسمانی، روحانی اور اخلاقی تطہیر کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ مقدس ہمیں تقویٰ اور نیکیوں کی راہ پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے، جس سے نہ صرف ہماری دنیا سنورتی ہے بلکہ آخرت میں بھی کامیابی نصیب ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے میں برداشت، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ہم ایک مضبوط اور مستحکم قوم بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اس مقدس مہینے میں اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے لیے زیادہ سے زیادہ عبادت کریں اور خصوصی طور پر ان افراد کا خیال رکھیں جو غربت اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی مدد کرکے ہم اللّٰہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ فلاحی اقدامات کریں، تاکہ ہر ضرورت مند رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہو سکے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہمیں زیادہ سے زیادہ دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔ وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کو اپنی خاص دعاؤں میں شامل کریں۔ انہوں نےاللّٰہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ہمیں اس بابرکت مہینے کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے رمضان المبارک کی آمد پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک قرب الٰہی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

رمضان المبارک ہمیں اپنی زندگیوں کو دینِ اسلام کی تعلیمات کے مطابق گزارنے، اپنا زیادہ سے زیادہ وقت رب کریم کی عبادت میں وقف کرنے اور اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان اللّٰہ تعالیٰ کی جانب سے ایک قیمتی تحفہ ہے جو رحمتوں، برکتوں اور مغفرت سے بھرپور ہے۔ ہمیں اس مقدس مہینے میں اپنے رب کی رضا حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مساوی معاشرے کی تشکیل کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں رمضان المبارک کی تعلیمات کے مطابق اپنے معاشرتی رویوں میں اتحاد، برداشت اور رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے رمضان کریم میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی دل کھول کر امداد کرنے اور رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں میں انہیں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔