اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معروف پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جنگا سر کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیاکی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے تہنیتی پیغام میں نائلہ کیانی کو پاکستان کی پہلی خاتون قرار دیا جنہوں نے اس مشکل اور بلند چوٹی کو سر کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ نائلہ کیانی کی یہ کامیابی عزم، محنت اور غیر متزلزل ہمت کا مظہر ہے اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ نائلہ کیانی نے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں پر قومی پرچم لہرا کر نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ ملک کا نام عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور نائلہ کیانی کی ہمت اور عزم اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں۔
انہوں نے کوہ پیمائی جیسے دشوار اور مردانہ سمجھے جانے والے کھیل میں خواتین کی شمولیت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نائلہ کیانی جیسی باہمت خواتین پاکستان کا اثاثہ ہیں، اور ان کی کاوشیں نوجوان نسل، بالخصوص خواتین کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔ سردار ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ نائلہ کیانی مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گی اور ملک کا نام بلند کرتی رہیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601035