بیروت ۔16جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے کہاکہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی کو مزید ایک سو ملین امریکی ڈالر کی ضرورت ہے۔
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے)کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ڈونر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ مالی تعاون میں اضافہ کریں کیونکہ ایجنسی 100 ملین امریکی ڈالر فنڈنگ کی کمی پوری کر سکے۔
فلپ لازارینی نے بیروت میں یو این آر ڈبلیو اے کے مشاورتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں ایک بڑے مالی بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات سے نمٹنے کی ہماری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایجنسی کے بڑے مالیاتی خلا کے باعث فلسطینی پناہ گزین ایک تکلیف دہ دور سے گزر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ 80 فیصد فلسطینی خاندان شدید غربت اور 80 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی 23 جون کو نیویارک میں یو این آر ڈبلیو اےکے لیے ایک عہد ساز کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔
یو این آر ڈبلیو اے کو 1949 میں مغربی کنارے، غزہ کی پٹی، لبنان، شام اور اردن میں تقریباً56 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔