اس سال حج مکمل گنجائش پر ہوگا، کم قیمت میں اچھی سہولیات کے چیلنج کوپورا کرنا ہوگا، سینیٹر طلحہ محمود

135
وفاقی وزیر مذہبی امور فرضہ حج کی ادائیگی اور حج آپریشن کی نگرانی کے لئے سعودی عرب روانہ

مکہ مکرمہ۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ اس سال حج مکمل گنجائش پر ہوگا، کم قیمت میں اچھی سہولیات کے چیلنج کوپورا کرنا ہوگا، ڈی جی حج اور ڈائریکٹر حج سے بریفنگ لے رہے ہیں، سعودی وزارت حج کے حکام سے بھی ملاقاتیں جاری ہیں، حجاج کو منیٰ، عرفات میں خیمہ ، خوراک اور سفری سہولیات کم اخراجات پر فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پہلی بار عید کی خوشیاں حاجیوں کیلئے قربان کرتے ہوئے اہل خانہ کے بغیر مکہ میں عید کر رہا ہوں اور پاکستانی عازمین حج کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سعودی وزارت حج کے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حجاج کرام کو منیٰ اور عرفات میں خیموں، خوراک اور سفری سہولیات کم قیمت پر فراہم کرنے کی کوشش کریں گے جس کیلئے ڈائریکٹر جنرل حج اور ڈائریکٹر حج سے بریفنگ بھی لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حج مکمل گنجائش پر ہوگا، کم قیمت میں اچھی سہولیات کے حصول کے چیلنج کو پوراکرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کم وقت میں انتظامات مکمل کرنے کیلئے حج معاونین پاکستان سے کم اور مقامی سطح پر زیادہ مقرر کئے جائیں گے۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہاکہ مقامی مقررین کو زبان اور راستوں کا علم ہوگا۔ مقامی مقررین کم اخراجات میں حاجیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تمام تر انتظامات وطن واپس آکر میڈیا کے سامنے بھی رکھیں گے اور وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو ہنگامی فیصلوں اور انتظامات سے آگاہ کریں گے۔