اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی میں ارکان نے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال مئی کی جنگ میں پاکستان کی بھرپور جیت کے بعد خوشی دوبالا ہوچکی ہے،پاکستان نے معاشی،دفاعی اور سفارتی تینوں محاذوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور بھارت کو دنیا میں تنہا کردیا ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن سحر کامران نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے،
اس سال معرکہ حق کی کامیابی سے ہر پاکستانی مسرت سے یہ دن منا رہا ہے،ہم قیام پاکستان کے لئے قربانیوں اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے پیچھے قوم کا ایمان، اتحاد اور نظم تھا، مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں بھرپور کامیابیاں حاصل کیں،پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا ہے۔
ایم کیو ایم کی رکن آسیہ اسحاق نے کہا کہ پاکستانیوں کو اس ایوان کو 78 واں یوم آزادی مبارک ہو،اس سال جشن آزادی کا رنگ،ڈھنگ ہی اور ہے، معرکہ حق کی صورت میں ملک وقوم کو کامیابی ملی، ملک کی حفاظت کرنے والے جانبازوں نے اپنا تن من دھن اس ملک پر قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت براہ راست پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، دنیا نے اب یہ بات مانی ہے۔یہ حقیقی آزادی ہے کہ پاکستان کا پرچم سربلند اور دنیا میں قوم کی عزت ہے۔مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہم نے تجدید عہد وفا کرنا ہے،پاکستان نے دفاعی،معاشی اور سفارتی سطح پر کامیابی حاصل کی، آج بھارت دنیا میں تنہا ہے، قوم کو جشن آزادی کی مبارک دیتے ہیں۔