اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) ڈاکٹر طارق محمود خان نے کہا ہے کہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انہوں نے بدھ کو منظور سلہری کی قیادت میں ربجا (جاوید گروپ) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے ڈاکٹر طارق محمود خان کو پی آئی او کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں اخبارات کو درپیش ریٹ، ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر اور بلنگ کے مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اخبارات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ درپیش ملکی معاشی چیلنجز کے باوجود اخبارات کے بقایا جات کلیئر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وفد میں حافظ محمد طاہر، عبدالعزیز بٹ، ملک زمرد اعوان، ذیشان قیوم، ذوالفقار علی اور طارق خان شامل تھے۔