اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف کریک ڈائون جاری

102
CCPO Lahore Bilal Siddique Kamiana
CCPO Lahore Bilal Siddique Kamiana

لاہور۔14اپریل (اے پی پی):لاہور پولیس کا اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔رواں سال 8 ہزار440 سے زائد اشتہاری مجرمان6 ہزار670 عدالتی مفرور اور2 ہزار900 سے زائد عادی مجرمان کوگرفتار کیا گیا۔سی سی پی او لاہور پولیس کے مطابق کینٹ ڈویژن سے1849،سول لائنزسے742، سٹی سے1751، اقبال ٹاون سے1728، صدرسے1154اورماڈل ٹاون سے1219اشتہاری مجرمان گرفتارکئے گئے۔کینٹ ڈویژن سے1260،سول لائنزسے792، سٹی سے1412، اقبال ٹاون سے1898، صدرسے 641اورماڈل ٹاون سے667عدالتی مفرور زیر حراست لیے گئے۔کینٹ ڈویژن سے426،سول لائنزسے246، سٹی سے911، اقبال ٹاون سے720، صدرسے 322اورماڈل ٹاون سے278عادی مجرمان پابند سلاسل کیے گئے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیا نہ نے کہا ہے کہ اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری سے کرائم کنٹرول میں بہتری آئی ہے۔ اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے جاری کارروائیوں کو مدعیوں سے مسلسل رابطے اور انفارمیشن شیئرنگ سے مزید موثر بنایا جائیگا۔ جرائم کی روک تھام اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے ہارڈ کور پولیسنگ اپنائی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مجرمان کی گرفتاری کیلئے آپریشنزاور انوسٹی گیشن ونگز مشترکہ کارروائیاں کریں۔ہیومن انٹیلی جنس اورجدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاری مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ موثرتفتیش سے مقدمات کے چالان جلدمکمل کرکے مجرمان کو قرارواقعی سزائیں دلوائی جائیں۔