کوئٹہ۔ 14 مارچ (اے پی پی):رمضان المبارک کے دوران اشیاءخوردونوش کے معیار پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کڑی نظر، غیر معیاری، زائد المعیاد و ملاوٹی اشیاءکی فراہمی پر اتھارٹی کی کاروائیوں کے دوران کوئٹہ، سبی، نصیر آباد اور پنجگور میں 20 سے زائد خوراک کے مراکز پر جرمانے کردئیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ناقص خوراک کے نام پر زہر فروخت کرنے والوں کو کسی صورت لوگوں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، عام دنوں اور خصوصاً ماہ صیام میں غیر معیاری خوراک بیچنے والوں کیخلاف بی ایف اے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق رمضان المبارک میں ناقص خوراک اور ملاوٹ مافیا کی بھرپور حوصلہ شکنی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں صوبہ بھر میں موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں تاکہ لوگوں تک پہنچنے والی اشیاءخوردونوش کو صحت بخش اور محفوظ بنایا جاسکے۔
دریں اثناءبلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں کی کوئٹہ شہر، نصیر آباد، سبی اور پنجگور میں جاری کارروائیوں کے دوران مزید 22 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ کوئٹہ کے علاقوں سیٹلائٹ ٹاون، جناح روڈ، پرنس روڈ اور سبزل روڈ میں متفرق مراکز کی چیکنگ کی گئی،
دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے بی ایف اے کی موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے ذریعے ملک شاپس سے ملک سیمپلز لیکر موقع پر ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ہوٹلوں، سموسہ پکوڑا و جلیبی کی دکانوں میں اشیاءتلنے کیلئے زیر استعمال کوکنگ آئل کی خصوصی ٹیسٹنگ کی گئی۔ کوئٹہ میں دودھ میں ملاوٹ، زائد المعیاد خوردنی اشیاء کی فروخت و مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ورزی پر کل 14 مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا جن میں ملک شاپس، میٹ شاپس، بیکرز و بیکنگ یونٹس، ہوٹلز، جلیبی اینڈ پکوڑا شاپس اور جنرل اسٹورز شامل تھے۔
اسی طرح زونل سطح پر بی ایف اے کی کارروائیوں کے دوران پنجگور میں 4 جنرل اسٹورز سے زائد المعیاد اور پابندی عائد مصنوعات کی بڑی مقدار پکڑی گئی، زائد المعیاد اشیاءمیں ایکسپائرڈ کولڈرنکس، جوس، مصالحہ جات، بچوں کے کھانے کی اشیاءاور پابندی عائد چائنیز نمک و گٹکاپان پراگ شامل تھیں، دکانداروں پر جرمانے عائد کرتے ہوئے ایکسپائرڈ مصنوعات ضبط کرکے بعدازاں تلف کردی گئیں۔دکانداروں کو تازہ، معیاری اور مستند کمپنیوں کی کھانے پینے کی اشیاءمراکز میں رکھنے اور بی ایف اے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔