اصلاحاتی ایجنڈا اور عوامی مفاد کے لئے قانون سازی میں اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، وفاقی وزیر برائے ریلوے سینیٹر اعظم سواتی کا ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال

71

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ اصلاحاتی ایجنڈا اور عوامی مفاد کے لئے قانون سازی میں اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ پیر کوایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی سپیکر ، قائد حزب اختلاف ، پارلیمانی لیڈر اور نو منتخب اراکین سینیٹ کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی اور نگرانی ایوان بالا کے اراکین کی ذمہ داری ہے۔ امید ہے کہ آئند تین سال میں اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کیاجائے گا۔ عوامی فلاح و بہبود اور غریبوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پل کا کردار اد اکریں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انتخابی اصلاحات ہماری اولین ترجیح ہے۔ نظام انصاف میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران کیمرے لگانے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے درخواست کی ہے اور اس پر کارروائی کی جائے۔