اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):اطالوی تجارتی ایجنسی کے سربراہ ڈاکٹر سالواتورے پیرانو نے کہا ہے کہ اطالوی تجارتی ایجنسی پاکستان کے صنعتی شعبے کو بحال کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ملک میں کاروباری ماحول کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس مقصد کے لیے مالی، تکنیکی اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کے ذریعے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو بی جی سیکرٹریٹ اسلام آباد کےدورہ کے موقع پر منعقدہ کارپوریٹ اجلاس میں سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری، ممبر سنٹرل کور کمیٹی یو بی جی احسن بختاوری ،ممبر ایگزیکٹو کمیٹی ایف پی سی سی آئی وقار بختاوری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر سالواتورے پیرانونے یو بی جی عہدیداران سےاجلاس کے دوران اطالوی برانڈز اور بین الاقوامی کاروباری رجحانات پر تفصیلی گفتگو کی ۔
ڈاکٹر سالواتورے پیرانو نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں دنیا بھر میں کاروبار کو متاثر کر رہی ہیں تاہم پاکستان بھینس کے دودھ سے بننے والی موزریلا پنیر کی پیداوار کے لیے ایک ممکنہ ملک ہے، جو عالمی پیزا انڈسٹری میں ایک اہم جزو کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ اسی طرح پاکستان میں زیتون کی کاشت اور فوڈ پروسیسنگ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اور پوٹھوہار کے علاقے زیتون کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہیں کیونکہ ان علاقوں کا موسمی ماحول اور زمین زیتون کی کاشت کے لیے بہترین ہے۔
اگر پاکستان زیتون کے تیل کی برآمد پر توجہ دے تو ملک کو لاکھوں ڈالر کا زرِمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ بجلی اور گیس کے مہنگے نرخوں کے علاوہ بھرپور ٹیکسوں کی وجہ سے پاکستان میں کاروباری ماحول متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے اٹلی کی شاندار ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد اٹلی ایک صنعتی طاقت کے طور پر ابھرا اور یورپ میں توانائی کی بچت پر مبنی جدید ٹیکنالوجیز کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کی معیشت دنیا کی مضبوط ترین معیشتوں میں سے ایک رہی ہے اور COVID-19 وبا کے باوجود اٹلی نے عالمی سطح پر اپنی برآمدات میں نمایاں مقام برقرار رکھا۔ اٹلی اپنی گاڑیوں، دواسازی اور برقی مشینری کی برآمدات کے ذریعے جرمنی، فرانس اور امریکہ جیسی بڑی معیشتوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر وقار بختاوری نے ڈاکٹر سالواتورے پیرانو پر زور دیا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ میں اطالوی برانڈز کے فروغ کے لیے یو بی جی کے ساتھ مل کر مارکیٹ ریسرچ اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں، جن میں کاسمیٹکس اور دواسازی کی صنعتیں شامل ہیں۔
ڈاکٹر سالواتورے پیرانو نے کہا کہ اٹلی دواسازی کی صنعت میں عالمی سطح پر ایک قائدانہ حیثیت رکھتا ہے اور یورپی خطے میں ای کامرس تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اطالوی تجارتی ایجنسی پاکستانی کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون، رہنمائی اور اطالوی برانڈز کے فروغ میں مدد فراہم کرے گی۔
مزید برآں اطالوی کاروباری تعاون کی وضاحت کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے ٹیکسٹائل، سرجیکل، چاول اور اسپورٹس انڈسٹریز میں اطالوی تجارتی ایجنسی کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس پر ڈاکٹر سالواتورے پیرانو نے یقین دلایا کہ وہ اطالوی کمپنیوں کو پاکستان کے ساتھ متعارف کرائیں گے تاکہ پاکستان میں جدید اقتصادی شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔