اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اوراٹلی کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں،اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسبی کے امور سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
انہو ں نے کہا کہ اٹلی سے اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ اطالوی سفیر نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔