اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب سے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات

162
APP67-27 ISLAMABAD: January 27 - Ambassador of Islamic Republic of Iran to Pakistan H.E. Agha Mehndi Hunar Dost in a call on meeting with Minister of State for IB&NH Ms. Maryam Aurangzeb. APP

اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی) اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ ثقافتی وفود اور لوگوں سے رابطوں کو بڑھانے سمیت مذہبی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے جمعہ کو وزیر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ثقافتی رابطوں کو بڑھانے اور مستحکم کرنے کیلئے ایران کی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے کسی بھی اقدام کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت سے متعارف کرانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ایران کو اپنا قریبی دوست اور ہمسایہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان میڈیا کے رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں برادر ممالک کے پہلے سے موجود مضبوط تعلقات میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالہ سے بھی میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیر مملکت اور ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے میڈیا، انفارمیشن اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔