اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اظہر علی کو جنوبی افریقہ کے خلاف اوپنر کے طور پر بیٹنگ کرنی چاہیے’ انہوں نے اپنی ٹرپل سنچری اور ڈبل سنچری اوپنر کی حیثیت سے سکور کی۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ سابق کپتان اظہر علی کو جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اوپنر کے طور پر بیٹنگ کرنی چاہیے، اس سے بیٹنگ لائن اپ میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی اور مڈل آرڈر پر دبائو کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اظہر علی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں مگر اوپنرز کی ناکامی کی صورت میں جلد ہی انہیں بیٹنگ کے لئے کریز پر آنا پڑتا ہے۔ اظہر علی اوپنر کی حیثیت سے دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرپل سنچری اور آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں200 رنز کی بڑی اننگز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نعمان علی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے’ انہوں نے اپنے ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور رنز بھی نہیں دیئے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ میچ کیلئے بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔