اظہر محمود قومی کرکٹ ٹیم کے قائم مقام ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر

10
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

لاہور۔30جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سابق آل رائونڈر اور موجودہ کوچ اظہر محمود کو قومی کرکٹ ٹیم کا قائم مقام ریڈ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق اظہر محمود یہ ذمہ داری اپنے موجودہ معاہدے کی مدت مکمل ہونے تک انجام دیں گے۔اظہر محمود اس سے قبل قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور ٹیم کی حکمت عملی سازی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

ان کے پاس بین الاقوامی سطح پر کھیلنے اور کوچنگ کا وسیع تجربہ موجود ہے جبکہ وہ انگلش کائونٹی کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق اظہر محمود کو ریڈ بال کرکٹ میں خاصی مہارت حاصل ہے اور وہ دو مرتبہ کائونٹی چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں، جو ان کی قائدانہ صلاحیتوں، گہری کرکٹ سمجھ بوجھ اور جیت کے جذبے کا مظہر ہے۔

ترجمان پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ اظہر محمود کی قیادت میں قومی ٹیسٹ ٹیم نظم و ضبط، مہارت اور کارکردگی کے لحاظ سے مزید مضبوط ہو گی اور عالمی سطح پر مثبت نتائج دے گی۔