اعظم خان کا سائفر کے متعلق بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف چارج شیٹ ہے، شیری رحمان

104
شیری رحمان

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا سائفر کے متعلق بیان چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف چارج شیٹ ہے، سائفر نہیں بلکہ سائفر کے نام پر جھوٹا بیانیہ سازش تھی۔

بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ایک آڈیو لیک میں سابق وزیراعظم کو’’سائفر پر کھیلنے‘‘کا منصوبہ بناتے ہوئے سنا گیا۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں سائفر سابق وزیر اعظم کی من گھڑت سازش ہے۔

انہوں نے اپنے چھوٹے سیاسی مقاصد کی خاطر ملکی سفارتی تعلقات کو دائو پر لگایا اور پاکستان کیلئے سفارتی بحران پیدا کئے۔ کیا ملک کے سب سے بڑے عہدے پر بیٹھ کر ان کو ملک کے خلاف سازشیں گھڑنی چاہئے تھیں؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ جھوٹا بیانیہ بنانے والے دوسروں پر ملک دشمنی کا فتوا لگاتے رہے۔ سائفر نہیں بلکہ سائفر کے نام پر جھوٹا بیانیہ سازش تھی۔