اعظم کے برق رفتار 97 اور پی ایس ایل کے ریکارڈ 18 چھکوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹڑز کو روند دیا

112
اعظم کے برق رفتار 97 اور پی ایس ایل کے ریکارڈ 18 چھکوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹڑز کو روند دیا

کراچی۔24فروری (اے پی پی):اعظم خان کے طوفانی بے رحمانہ 97 رنز اور پی ایس ایل کے ریکارڈ 18 چھکوں کی برسات کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز کی شکست سے روند کر پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں اپنی تیسری کامیابی سمیٹ لی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 ہزار کے لگ بھگ تماشائیوں کی موجودگی میں اعظم خان نے تابڑتوڑ ہٹنگ کے ذریعے گلیڈی ایٹرز کے بولرز کا جلوس نکال دیا، محض 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اعظم نے 9 چوکوں اور8 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے بنائے، وہ میچ کی آخری گیند پر اپنی سینچری مکمل کرنے کی کوشش میں اوڈین اسمتھ کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 221 کے بڑے اسکور کے تعاقب میں 19.1 اوورز میں 157 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ محمد حفیظ نے 26 گیندوں پر 48 بنائے جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔کپتان سرفرازاحمد نے 36 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنائے جبکہ افتخاراحمد نے 27 گیندوں پر 39 رنز اسکور کئے جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔یونائیٹڈ کے بولر فضل الحق فاروقی نے 28 اور حسن علی نے 39 رنز دیکر تین تین جبکہ ابراراحمد نے 21 اور شاداب خان نے 24 رنز کے عوض دودو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ایک موقع پر 9.5 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی 71 رنز پر 4 وکٹس گر گئی تھیں لیکن اس کے بعد اعظم ، کولن منرو اور آصف علی کی انتہائی جارحانہ بیٹنگ کے باعث 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ پہلے 10 اوورز میں یونائیٹڈ نے4 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے تھے لیکن آخری 5 اوورز میں 92 رنز بنے جس میں 10 چھکوں نے تماشائیوں کے دل گرما دئیے۔ خاص طور پر اعظم اور آصف نے محمد حسنین اور ایمل خان کی خوب پٹائی کی۔ایک موقع پر 19ویں اوور میں اعظم نے حسنین کی گیندوں پر مسلسل تین چھکے لگائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوڈین اسمتھ نے 41 اورمحمد حسنین نے 52 رنز دیکر دودو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ نسیم شاہ نے 32 اور ایمل خان نے 55 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔