اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے اعلیٰ، معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے جڑواں شہروں کیلئے جدید ترین سلاٹر ہائوس تعمیر کیا جائےگا ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں سلاٹر ہائوس کی تعمیر کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران سمیت ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جڑواں شہروں میں گوشت کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے سلاٹر ہائوس کی تعمیر سے متعلق افسران نے بریفنگ دی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سلاٹر ہائوس میں جانوروں کو ذبح کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر گنجائش سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کو نہ صرف یقینی بنایا جائے گا بلکہ سلاٹر ہائوس میں گوشت کو محفوظ کرنے کیلئے جدید چلنگ روم اور کولڈ سٹوریج بھی بنائے جائیں گے، سلاٹر ہائوس کیلئے ابتدائی سٹڈی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہائوس کی اپ گریڈیشن کیلئے بہترین فنانشل ماڈل تیار کیا جائے اور اس حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کو موقع دیا جائے تاکہ ان کو بھی بہترین بزنس ماڈل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ جڑواں شہروں کی آبادی کی فی کس گوشت کی کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے سلاٹر ہائوس کی تعمیر جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ انہوں نے جڑواں شہروں میں گوشت کی فراہمی کے حوالے سے طلب و رسد کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ جڑواں شہروں کی مشترکہ انتظامیہ پر مشتمل میٹ بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز بھی شامل ہوں۔ انہوں نے کراچی اور لاہور کے بہترین سلاٹر ہائوس کے ماڈل کو سٹڈی کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سلاٹر ہائوس میں کوالٹی کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ پر مشتمل افسران کا مشترکہ مانیٹرنگ میکنزم تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا مقصد جڑواں شہروں میں اعلیٰ، معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ جڑواں شہروں کے باسیوں کیلئے جدید ترین سلاٹر ہائوس کے قیام کے حوالے سے راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ مل کر کام کریں گی۔قبل ازیں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جڑواں شہروں سے پولیو کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے بائونڈری ایریاز میں پولیو کے تدارک کیلئے مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے مشترکہ ٹیم سی ڈی اے، آئی سی ٹی، آر ڈی اے، پی ایچ اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ انتظامیہ اپنے اپنے علاقوں میں ہائی رسک ایریاز کا دورہ کریں گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ ون یونٹ کے طور پر کام کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584307