اعلیٰ تعلیم سے متعلق خیبر پختونخوا کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ، یونیورسٹی ایکٹ میں ہم آہنگی اور بہتری پر غور

48

پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی سربراہی میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق صوبائی کابینہ کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر زراعت میجر (ریٹائرڈ) سجاد بارکوال، مشیر برائے صحت احتشام علی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد خیبر پختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جاری اصلاحات، بالخصوص یونیورسٹی ایکٹ میں حالیہ ترامیم کا جائزہ لیتے ہوئے اسے دیگر مروجہ قوانین کے ساتھ ہم آہنگ بنانا تھا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ یونیورسٹی ایکٹ کو حالیہ ترامیم سمیت دیگر متعلقہ قوانین سے موازنہ کیا جائے گا۔ اس جائزے کی روشنی میں ایسی سفارشات تیار کی جائیں گی جن سے حکومت اور جامعات کے درمیان ورکنگ میکانزم کو مزید مؤثر، مربوط اور شفاف بنایا جا سکے۔مینا خان آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ“اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مربوط پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے

تاکہ جامعات کو خودمختاری کے ساتھ ایک مضبوط قانونی و انتظامی ڈھانچے میں ترقی کا موقع دیا جا سکے۔