اعلی ترین معیار، غیر معمولی رفتار،360 بیڈز، میو چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن ریکارڈ مدت میں مکمل،پنجاب بھر میں 104 ہسپتال اپ گریڈہوگئے،محسن نقوی

150
Chairman PCB
Chairman PCB

لاہور۔20فروری (اے پی پی):اعلی ترین معیاراور غیر معمولی رفتار کے ساتھ میو چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کوریکارڈ مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے، اپ گریڈیشن کے بعد میو چلڈرن ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 360 تک بڑھا دی گئی ہے۔

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے منگل کے روز میوچلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور گردوں کے عارضے میں مبتلا بچوں معصومہ فاطمہ اور ابراہیم سے اپ گریڈڈ میو چلڈرن ہسپتال کا افتتاح کرایا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے دونوں بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ میو چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور اپ گریڈیشن کے معیاری کام کی تعریف کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے استقبالیہ کانٹر اور نرسنگ کاونٹرز کا جائزہ لیا اورمریض بچوں کے تیمارداروں کی سہولت کے لیے لگائے گئے سائن بورڈز دیکھے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے وارڈز میں نئے بیڈز رکھنے کی تعریف کی اور خالی جگہ پر پودے لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہاکہ بہت کم عرصے میں ایک اور ناممکن کام ممکن ہوا۔ پنجاب کے 104 ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔سیکرٹری صحت نے علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے اپ گریڈڈ میو چلڈرن ہسپتال کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میوچلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، مجموعی طور پر 360بیڈزہیں۔میوچلڈرن ہسپتال بھی میو ہسپتال کے اپ گریڈیشن پلان کاحصہ ہے جس پر مجموعی طور پر 10ارب روپے لاگت آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میو ہسپتال میں مجموعی طور پر 2484بیڈز اور 1763 ڈاکٹرز موجود ہیں۔

سیکرٹری صحت علی جان نے ہیومن ریسورس کے مسائل حل کئے ہیں۔پوری ٹیم نے میو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے بہت محنت کی ہے۔محکمہ تعمیرات ومواصلات کی دن رات کی محنت کے بغیر اپ گریڈیشن ممکن ہی نہیں تھی۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات سہیل اشرف ہمارے آفریدی ہیں،کامیابی میں ان کا اہم کردار ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہاکہ محکمہ تعمیرات ومواصلات کی ایکسین مریم نے بھی دن رات بہت محنت کی ہے۔انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے میوہسپتال اپ گریڈیشن کا ڈیزائن تیار کیا۔ پروفیسرز،ڈاکٹرز اورمیو چلڈرن ہسپتال کے سٹاف نے محنت کی،ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔اللہ ہمیں اپ گریڈیشن کے معیار کو برقرار رکھنے کی توفیق دے۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہاکہ امیر بالاج قتل کیس کا ملزم پکڑا گیا ہے،ماسٹر مائنڈ تک پہنچنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔32ٹیچنگ ہسپتال سمیت 104ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ 104شاہراہوں کی تعمیرومرمت وبحالی بھی مکمل ہو چکی ہے۔ ہمارا کام مکمل ہو گیا ہے،اگلی حکومت بہت زیادہ کام کرے گی اور پنجاب پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔میوچلڈرن ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کیلئے لفٹ خریدرہے ہیں۔

میو ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین 2017سے خراب تھی جسے فنکشنل کیا گیا ہے۔صرف ہسپتالوں کی عمارتیں ہی نہیں بلکہ عدم دستیاب مشینری او رآلات بھی مہیا کئے گئے ہیں۔پورے سال کی پرفارمنس آئندہ چند روز میں میڈیا سے شیئرکریں گے۔اللہ سے بڑی امید ہے کہ اگلی حکومت جاری پراجیکٹس مکمل کرے گی اور نئے بہترین پراجیکٹس لائے گی۔

ایک او رسوال کے جواب میں انہو ں نے کہاکہ غلط لوگوں کی وجہ سے مافیا ز کو تقویت ملتی ہے۔شہباز شریف میرے لئے محترم ہیں،ان کا تجربہ اور کام مجھ سے کہیں زیادہ ہے۔شہباز شریف نے ہماری حکومت کے کام کرنے کی رفتار کو سراہا،جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، شہبازشریف عمر اور کام کے معاملے میں ہم سے بہت آگے ہیں،ہمارا مقابلہ نہیں ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انشا اللہ سب کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔کرکٹ پہلے ہی برباد ہوچکی ہے خدا را! اس میں سیاست نہ لائیں،کرکٹ کو سیاست سے نقصان پہنچتا ہے اور اس سے ملک کو نقصان ہوتا ہے لہذا سپورٹس میں سیاست نہیں چلے گی اور انشا اللہ کرکٹ میں بہتری ہوتی نظر آئے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹریز صحت، تعمیرات و مواصلات، اطلاعات، سپیشل سیکرٹری صحت، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، ڈی جی نرسنگ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔