لاہور۔2جون (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے پاکستان میں چین،جنوبی ایشیا بزنس کونسل ایکسچینج سمپوزیم کے کامیاب انعقاد پر سارک چیمبر کو مبارکباد پیش کی ہے جس میں چین نے پائیدار ترقی و خوشحال مستقبل کیلئے پاکستان سمیت تمام جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں بزرگ تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان میں چین کے اقتصادی قونصلر یانگ گوانگ یوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر اور برآمدی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔ ہمارا مقصد بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک سے فائدہ اٹھا کر دونوں خطوں کے معاشی استحکام اور علاقائی خوشحالی کا فروغ ہے۔ کونسل برائے فروغ بین الاقوامی تجارت، سارک چیمبر اور ایف پی سی سی آئی کی معاونت سے اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت چین،جنوبی ایشیا تعاون کو مضبوط بنانا اور جنوبی ایشیائی و چینی کاروباری اداروں کے درمیان وسیع تر کاروباری مواقع کے لیے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی سی پی آئی ٹی ژونان سب کونسل کے چیئرمین لیو کیلن کے خیالات انتہائی حوصلہ افزا تھے جس میں انہوں نے گرین ڈویلپمنٹ کے فروغ میں چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ لیو کیلن کا کہنا تھا کہ سیاسی امور میں بڑھتے ہوئے باہمی اعتماد اور چین و جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی تعاون کے پس منظر میں چائنا ساتھ ایشیا ایکسپو ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر موجود ہے جو صنعتی اور تجارتی شعبوں کی مشترکہ امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔