افریقی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں چار ماہ کے دوران 21 فیصد اضافہ ہوا، نائجیریا میں دوسری پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مندوبین کو مبارکباد دیتا ہوں، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود

87

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ نائجیریا میں دوسری پاک افریقہ ٹریڈڈویلپمنٹ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مندوبین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نائیجیریا اور مغربی افریقہ کی ریاستوں سے 4 ہزار سے زائد کاروباری افراد نے کانفرنس میں شرکت کی ہے جبکہ برآمد کنندگان نے متعدد معاہدوں پر دستخط اور برآمدی آرڈرز بک کئے گئے انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس افریقہ کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اہم سنگ میل ہوگی ،پاکستانی برآمد کنندگان کو افریقی مارکیٹ تک برآمدی اشیاء کی رسائی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ براعظم افریقہ میں تجارت کے بہترین مواقع موجود ہیں ،پاکستان افریقہ کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر بنا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افریقہ کو برآمدات کا حجم 3 ارب ڈالر تک ہے انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں برآمدات کو دگنا کریں گے،رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں افریقی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی علاقائی روابط بڑھانے کی ہدایات دیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک کا مکمل تجزیہ کرتے ہوئے لک افریقہ پالیسی بنائی گئی ہے۔