26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںافریقی ممالک کی مختلف یونیورسٹیوں کے تعلیمی وفد کا یونیورسٹی آف سرگودھا...

افریقی ممالک کی مختلف یونیورسٹیوں کے تعلیمی وفد کا یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ

- Advertisement -

سرگودھا۔24اگست (اے پی پی):افریقی ممالک کی مختلف یونیورسٹیوں کےتعلیمی وفد نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے ملاقات کی۔اس موقع پر کامسٹیک اسلام آباد کا وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔انہوں نے یہ دورہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ تعلیمی، تحقیقی، فیکلٹی و سٹاف کے تبادلہ سمیت مختلف تعلیمی پروگرامز کے لیے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے کیا۔

دورہ کے موقع پر یہ طے پایا کہ افریقی ممالک کی مختلف یونیورسٹیوں کی جانب سے 200طلبہ کو مختصر دورانیہ کے کورسز کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا بھیجا جائے گا جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا انٹرنیشنل طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول، میرٹ پر مبنی سکالرشپس سمیت دیگر سہولیات فراہم کرے گی جبکہ اس سلسلہ میں کامسٹیک سہولت کاری کے فرائض سر انجام دے گا۔ اس ضمن میں پالیسی مرتب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

- Advertisement -

وائس چانسلر آفس کمیٹی روم میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں وفد کو یونیورسٹی آف سرگودھا میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، مختلف تعلیمی پروگرامز اور دیگر تعلیمی امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وفدسے ملاقات کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا200انٹرنیشنل طلبہ کو مختصر دورانیہ کے کورسز میں داخلہ دینے کیلئے تیار ہے جبکہ ان طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول، میرٹ پر مبنی سکالرشپس،فیس میں کمی، رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔وفد نے وائس چانسلر کی اس تجویز کو سراہتے ہوئے اپنے طلبہ کو یونیورسٹی آف سرگودھا میں حصولِ تعلیم کیلئے بھیجنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو عالمی معیار کا تعلیمی و تحقیقی ادارہ بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، اس مقصد کیلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی تعاون پر مبنی معاہدوں کے علاوہ انڈسٹری و اکڈیمیا کے درمیان روابط کو فروغ دے رہے ہیں۔

اسی طرح ای روزگار، انکیوبیشن سنٹر، کیئریئر ڈویلپمنٹ سنٹرجیسے مختلف منصوبوں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار رہے ہیں اورجدید مہارتیں فراہم کر کے طلبہ کو دورانِ تعلیم ہی روزگار کمانے کے قابل بنا رہے ہیں۔کینیا سے ڈاکٹر سلمیٰ نور نے الائنس آف اسلامک یونیورسٹیز آف افریقہ کے طلبہ کو یونیورسٹی آف سرگودھا میں حصولِ تعلیم کی دعوت دینے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کو پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک قرار دیا۔

وفد نے انکیوبیشن سنٹر سمیت یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ وفدمیں کینیا سے ڈاکٹر سلمیٰ نور، کینیا کی کاروباری شخصیت نور موٹاپانیانے، مسلم یونیورسٹی آف موروگورو کے ڈپٹی وائس چانسلر (اکڈیمک)پروفیسر ڈاکٹر حمزہ مصطفی نجوزی،مسلم یونیورسٹی آف موروگورو کے حسین عیسیٰ،یونیورسٹی آف اردن کے حمزہ ال داؤ،اردن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر آف دی انوویشن اینڈ انٹرپرینیورشپ سینٹرڈاکٹر یزان الزین،ملائشیا سے ڈاکٹرعاطفہ نجوانی ودیگر شامل تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سووینئر پیش کیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382125

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں