نیویارک۔30نومبر (اے پی پی):افریقی یونین اور اقوام متحدہ نے افریقی ممالک میں حکومتوں کی بڑھتی ہوئی غیر آئینی تبدیلیوں کی مذمت کی ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مشترکہ مذمت ساتویں اے یو ۔یو این سالانہ کانفرنس کے بعد جاری اعلامیہ میں کی گئی جو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اور افریقن یونین (اے یو) کمیشن کے چیئرپرسن موسیٰ فاکی مہمت کی سربراہی میں نیویارک میں منعقد ہوئی تھی۔ مشترکہ اعلامیہ میں افریقی ممالک میں حکومتوں کی بڑھتی ہوئی غیر آئینی تبدیلیوں کی مذمت کی گئی اور برکینا فاسو، گبون، جمہوریہ گنی ،مالی، نائجر اور سوڈان میں آئینی احکامات کی بروقت اور پرامن بحالی پر زور دیا گیا۔
کانفرنس میں براعظم افریقہ میں امن واستحکام کے حصول کے لیے رکن ممالک کے مقاصد کی حمایت کے لیے تنازعات کی مؤثر روک تھام، قیام امن، امن آپریشنز اور پائیدار ترقی کی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اور افریقی یونین (اے یو) کمیشن کے چیئرپرسن موسیٰ فاکی مہمت نے کہا کہ متحارب فریقین لیے یہ ضروری ہے کہ وہ دیرپا جنگ بندی کریں اور تنازع کے مذاکراتی تصفیے کا راستہ تلاش کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415287