افسران عوام کی بہتری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں ،تمام افسران اپنی سروس کو عوام کی خدمت سمجھ کر کریں ، چوہدری انوار الحق

80

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ افسران عوام کی بہتری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں ،جہاں پر مشکلات ہوں حکومت کو آگاہ کریں ہم عوام کے لئے دن رات حاضر رہیں گے،دفاتر میں آنے والے سائلین کو جائز کام کے لئے چکر نہ لگوائے جائیں، ان کے ساتھ بہترین رویہ روا رکھ کر مسائل فوری حل کئے جائیں، عوام کی امیدیں ہم سے ہیں ۔فرسودہ اور کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، عوام کی توقعات کے مطابق نظام میں تبدیلی کرنا ہو گی، تمام افسران اپنی سروس کو عوام کی خدمت سمجھ کر کریں ،عوام دوست رویے اور مشکل ترین پراسیس کو آسان بنا کر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے پالیسی بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے دفاتر میں چکر لگوانے کا نظام اب ختم ہو جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب عوام کے خادم ہیں سب کو اپنے منصب کے مطابق ایمانداری اور دیانتداری کیساتھ کام کرنا ہو گا ہماری حکومت نے انتقامی تبادلوں اور کاروائیوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے ہمارے لئے وہ سب سے زیادہ قابل احترام ہے جو عوام کے لئے بہتر کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں اداروں کی مضبوطی سے ریاست مضبوط ہو گی جہاں پر کسی کے خلاف شکایت ملی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کاروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا جو لوگوں کیلئے بھلائی کے راستے اختیار کرتا ہے ،اللہ پاک اس کے لئے ترقی کے راستے کھولتا ہے ،اس لئے ریاستی مشینری کو مشنری جذبے کے تحت عوام کی خدمت کرنا ہو گی اور لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ خاص کر ڈپٹی کمشنر آفس سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہونی چاہئیں، انہیں چونکہ سہولتیں بھی حاصل ہیں لہذا وہ ان سہولتوں کو عوام کی سہولت کیلئے استعمال کریں ،اسی طرح ایس ایس پی آفس اپنے اپنے ایریا میں عوام کی شکایات کا ازالہ کریں اور ان کی جائز شکایات کو یکسو کیا جائے۔