دبئی۔7ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں کل (جمعرات ) کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی، افغانستان کی ٹیم مایہ ناز بلے باز محمد نبی کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ بھارت کی ٹیم کو مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما لیڈ کریں گے ۔
ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ہیں، 8 ستمبر بروز جمعرات کو سپر فور مرحلے کا پانچواں میچ افغانستان اور بھارتی ٹیم کے درمیان دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، افغانستان کی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں سری لنکن ٹیم ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بھارتی ٹیم پہلے میچ میں پاکستان جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔
ایشیا کپ میں 8 ستمبر کو سپر فور مرحلے کے پانچویں میچ میں بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔ 9 ستمبر کو سپر فور کا آخری میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں دبئی میں نبرد آزما ہوں گی جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔