افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ ، 5 جوان شہید

59
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):بین الاقوامی سرحد پارافغانستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کی ضلع کرم میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ سے 5 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کا پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر جواب دیا اور دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق افغانستان میں پاک فوج کی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 34 سالہ لانس نائیک عجب نور، 22سالہ سپاہی ضیاء اللہ خان ، 23 سالہ سپاہی ناہید اقبال، 18سالہ سپاہی سمیر اللہ خان اور 27سالہ سپاہی ساجد علی نے جام شہادت نوش کیا۔

پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت مستقبل میں پاکستان کے خلاف ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقو یت دیتی ہیں۔