افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر

88

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ، پاکستان کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری افغانستان عامر آفتاب قریشی اور ڈی جی افغانستان آصف میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے افغانستان اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خارجہ امورکو تفصیلی بریفنگ دی۔ حنا ربانی کھر نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کی آزادی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، پاکستان کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔