افغانستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے، ہمسایہ ممالک کو افغانستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لینی چاہیے،پاک افغان چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر اجمل صافی

62

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاک افغان چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر اجمل صافی نے کہا ہے کہ افغانستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے، افغانستان میں کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، افغانستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ہمسایہ ممالک کو سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لینی چاہیے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر ٹریڈ ایگریمنٹ سے لوکل کرنسی میں تجارت ممکن ہو سکے گی۔

بدھ کو پی ٹی وی کے پروگرام کابل آور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرکوں کی آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دونوں ممالک کے درمیان تجارت کیلئے بڑی پیشرفت ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دنیا کے اعلی معیار کے کوئلے کے ذخائر ہیں، پاکستان میں توانائی کا بحران ہے، پاکستان کی انڈونیشیا، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے کوئلے کی سالانہ درآمدات ایک بلین ڈالر کے قریب ہے، اگر پاکستان افغانستان سے کوئلے کی درآمد کرے تو اس سے نہ صرف پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی بلکہ افغانستان کی معیشت کو فائدہ ہو گا۔

اجمل صافی نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان کیلئے سینٹرل ایشیا بڑی منڈی ہے وہاں پر را مٹیریل کے بڑے ذخائر ہیں، را مٹیریل کے ذخائر پاکستان توانائی کے بحران کو دور کرنے میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کیلئے افغانستان اور سینٹرل ایشیا بڑی منڈیاں ہیں، صرف افغانستان 15 بلین امریکی ڈالر کی مارکیٹ ہے، پاکستان کو تجارتی ترقی کیلئے مزید اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خطے کا مستقبل روشن ہے، ازبکستان سے پاکستان ریلوے ٹریک سے تینوں ممالک کو فائدہ ہو گا، پاکستان کی معاشی ترقی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کا کردار اہم ہے، اس حوالے سے پاکستان ازبکستان سے کاٹن درآمد کر سکے گا۔ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے حوالے سے کافی حد تک رکاوٹیں دور کر لی گئی ہیں، امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس پر مزید پیشرفت کے قوی امکانات ہیں۔