اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مذاکرات ہی بہترین آپشن ہے،پاکستان افغانستان میں دائمی امن کا خواہاں ہے۔یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان تادامیچی یاماموتو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،جنہوں نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ افغانستان میں صرف سیاسی مذاکرات سے ہی پائیدار امن و استحکام ممکن ہے۔فاطمی نے کہا کہ چار فریقی رابطہ گروپ افغانستان میں امن کے حصول کیلئے موثر میکنزم ہے۔بات چیت کے دوران افغانستان میں صورتحال اور اس سلسلے میں پاکستان کی طویل المدتی امن و استحکام کیلئے کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔فاطمی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دائمی امن کا خواہاں ہے،انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ سمیت مختلف شعبوں میں افغانستان کیساتھ جاری تعاون کو اجاگر کیا۔