افغانستان میں انسانی بحران سے متعلق آگاہی کےلئے اپنی آواز بلند کروں گا ، وزیراعظم عمران خان

75

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے متعلق آگاہی کےلئے اپنی آواز بلند کروں گا ۔میں چاہتاہوں کہ عالمی برادری اس مسئلے پر قدم آگے بڑھائے ۔ اتوار کووزیراعظم نے اپنےٹویٹ میں: ا فغانیوں کی جانیں بچائیے: کا ہیش ٹیگ بھی لگا یا انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے متعلق آگاہی کےلئے اپنی آواز بلند کروں گا۔

میں چاہوں گا کہ عوام افغانستان میں پیدا ہونے والے اس انسانی بحران کے بارے آگاہی پیدا کرنے کے عالمی اقدام میں ساتھ دیں جس انسانی بحران سےافغانستان میں لاکھوں افرادخصوصاً بچوں کی زندگیوں کو بھوک اور افلاس سے خطرہ لاحق ہے۔ گزشتہ روزہفتہ کو بھی اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عالمی برادری پرزور دیا کہ وہ افغان عوام کو فوری انسانی ریلیف فراہم کرے،جنہیں شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے لئے یہ فوری نوعیت کا معاملہ ہے اور اقوام متحدہ کے متفقہ طور پر اپنائے گئے پرنسپل آف رسپانسبلٹی ٹو پروٹیکٹ (آر 2 پی)کے تحت غذائی قلت کا شکار لاکھوں افغانیوں کو فوری انسانی ریلیف کی فراہمی ان کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعظم نے ٹویٹ کے ساتھ ڈیلی گارڈین میں چھپنے والی ایک نیوز سٹوری بھی ٹیگ کی جس میں سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن برائون کا لکھا ہواایک آرٹیکل ہے جس میں انہوں نے برطانوی فارن سیکرٹری لز ٹورس سے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے لئے ساڑھے 4 ارب ڈالرز جمع کرنے کے لئے ڈونر کانفرنس بلائیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگرخوراک کا فوری انتظام نہ کیا گیا تو 2 کروڑ 30 لاکھ لوگوں کو غذائی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اس کام میں لیڈ کرنی چاہیئے تاکہ افغانیوں کی امداد کی جاسکے۔اقوام متحدہ کی جانب سے سال 2022 کے لئے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی ساڑھے چار ارب ڈالر کی اپیل کی گئی ہے۔