افغانستان میں انسانی و معاشی بحران، عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے،مخدوم شاہ محمود قریشی کی آئی سی آر سی کے صدر سے ملاقات میں گفتگو

59

نیویارک، اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی و معاشی بحران، عالمی برادری کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ نے جمعرات کو بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے صدر پیٹر مورکے ساتھ ملاقات کی۔اس موقع پر افغانستان میں انسانی بحران اور عالمی سطح پر معاونت کی فراہمی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سال ہا سال سے افغانستان میں جاری بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کی خدمات کا معترف ہے،افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی و معاشی بحران، عالمی برادری کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کی مالی و انسانی امداد نہ صرف انہیں بحران سے نکلنے میں معاونت فراہم کرے گی بلکہ افغانوں میں اعتماد سازی کیلئے احسن اقدام ہو سکتی ہے۔افغانستان میں بڑھتی ہوئی بھوک، افلاس اور افراط زر کے پیش نظر افغانستان کے منجمد اثاثوں کا کھولنا، ان کی بروقت امداد کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امدادی سامان کی ترسیل ہوائی اور زمینی راستوں کے ذریعے جاری رکھے ہوئے ہے ۔ وزیر خارجہ نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے صدر کو افغانستان میں انسانی بنیادوں پر معاونت کی فراہمی کیلئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔