اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی)افغانستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر سرنیکولیس نے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے ہمراہ بدھ کو مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے افغانستان میں سیاسی اور سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ناصر خان جنجوعہ نے تنازعہ کی پیچیدگیوں کے حوالے سے بات چیت کی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے علاقے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پا کستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کے تمام اقدامات کی حمایت کی ہے۔ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے اور ہم افغانستان اور اس کے عوام کیلئے پرخلوص اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے۔ ملاقات میں انہوں نے افغانستان اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=85116