اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں عام آدمی کی مشکلات کے خاتمہ اور معاشی کساد بازاری کی روک تھام کیلئے معاشی اقدامات کی ضرورت ہے، افغان عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کیا جائے ۔
ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان کے صدر کا ان کے اور ان کے وفد کے 16 اور 17 ستمبر 2021 ء کے حالیہ دورہ دوشنبے کے دوران پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنمائوں نے دوشنبے میں ہونے والی بات چیت پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قریبی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے باہمی کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے تاجکستان کے صدر کو افغانستان کے پائیدار امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس ضمن میں قومی مفاہمت کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان عوام کی انسانی ضروریات پوری کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو ضروری انسانی معاونت کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں افغانستان میں اقتصادی کساد بازادی اور عام آدمی کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کیلئے فوری اہمیت کے معاشی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں امن اور استحکام میں معاونت کی کوششوں کو مزید مربوط بنانے اور اس ضمن میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔