کابل ۔20دسمبر (اے پی پی):افغانستان میں اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر)کے تعاون سے تعمیر کردہ نئے گھر زلزلہ متاثرین کے حوالے کر دیئے گئے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں 22 جون کو 5.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں بے گھر ہو گئے جو اب تک عارضی خیموں میں مقیم تھے ۔
یو این ایچ سی آر کے تعاون سے بے گھر افراد کے لیے نئے تعمیر کردہ گھر جو سولر پینلز، بیت الخلا اور روایتی ہیٹر سے لیس ہیں متاثرین کے حوالے کر دیئے گئے ہیں ۔ مقامی مزدوررسول بادشاہ کا کہنا ہے کہ ہم یہ گھر نہیں بنا سکتے تھے، یہاں تک کہ ہمارے بچے یا پوتے بھی نہیں بنا سکتے تھے کیونکہ ہم نئے گھر کی تعمیر کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تھے۔ ہم جھونپڑیوں میں رہ رہے تھے۔ رہائشی بارہ خان نے کہا کہ یو این ایچ سی آر سردیوں کے بعد اس علاقے میں 2سکول اور ایک کلینک کی تعمیر کا کام شروع کرے گا۔