شارجہ ۔13مارچ (اے پی پی):محمد نبی کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت افغانستان نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو 117 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ، تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ محمد نبی نے آل رائونڈ کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 237 رنز ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور اس کے 9 کھلاڑی ڈبل ڈیجٹ بھی عبور نہ کر پائے ،آئرش ٹیم 35 ویں اوور میں 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم، شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آئرلینڈ ٹیم کے کپتان پال سٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے ، کپتان حشمت اللہ شہیدی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 69 رنز ،رحمن اللہ گرباز نے 51 اور محمد نبی 48 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آئرلینڈ کے مارک ایڈیر نے تین جبکہ بیری میکارتھی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں 237 رنز ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم افغانستان کے بائولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کے 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے اور پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 119 رنز بناسکی۔
کپتان پال سٹرلنگ 50 اور کرٹس کیمفر 43 رنز بناسکے۔یوں افغانستا ن کی ٹیم نے تیسرے ون ڈے میچ میں آئرش ٹیم کو 117 رنز سے شکست دےکر سیریز 0-2 سے جیت لی۔ افغانستان کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد نبی نے پانچ ،ننگیال کھروٹی نے چار جبکہ فضل الحق فاروقی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ محمد نبی کو آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ جبکہ رحمن اللہ گرباز کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا ۔