افغانستان کا آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا اعلان، نوین الحق کی واپسی

132
ICCT20 World Cup
ICCT20 World Cup

کابل۔13ستمبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ کپ کیلئے افغانستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، فاسٹ بائولر نوین الحق نے طویل عرصے سے بعد ٹیم میں واپسی کی ہے، نوین الحق نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل جنوری 2021ء میں کھیلا تھا، انہوں نے گزشتہ سال جنوری میں ون ڈے کرکٹ سے وقفہ لے لیا تھا تب سے انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ نوین الحق آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے فاسٹ بائولرز فضل الحق فاروقی، عبدالرحمان اور آل رائونڈر عظمت اللہ عمرزئی کے ساتھ افغان بائولنگ سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

گزشتہ ماہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں فٹنس مسائل کا شکار ہونے والے عظمت اللہ عمرزئی نے ورلڈ کپ کے لئے سکواڈ میں واپسی کی ہے۔ افغان سپن اٹیک میں راشد خان، محمد نبی، مجیب الرحمن اور نور احمد شامل ہیں۔ آل رائونڈرز گلبدین نائب اور شریف الدین اشرف کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والے کریم جنت اور محمد سلیم کو سکواڈ سے باہر کردیا گیا ہیے۔

ورلڈ کپ کے لئے افغان سکواڈ میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، ابراہیم زادران، رحمان اللہ گرباز، ریاض حسین، نجیب اللہ زادران، محمد نبی، اکرم علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، عبدالرحمان، نور احمد، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی اور نوین الحق شامل ہیں۔