افغانستان کو مستحکم کرنا نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ضروری ہے، او آئی سی ممالک کو متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،عالمی امور کے ماہرین اور تجزیہ کاروں کی ’’کابل آور‘‘ میں گفتگو

37
پاک افغان ٹارگٹ بال چیمپئن شپ ،پاکستان نے افغان ٹیم کوشکست دے دی

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):عالمی امور کے ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ افغانستان کو مستحکم کرنا نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ضروری ہے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کو افغانستان کو معاشی اور انسانی بحرانوں سے نکالنے کیلئے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

بدھ کو پی ٹی وی کے پروگرام کابل آور میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) رضا خان نے کہا کہ او آئی سی دنیا میں تقریباً دو بلین سے زائد مسلمانوں کی آواز ہے، تمام اسلامی ممالک کو مل کر افغان مسئلہ کے حل کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے، افغانستان کو معاشی اور انسانی بحرانوں سے نکالنے کیلئے ضروری ہے کہ اسلامی ممالک دل کھول کر عطیات دیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے افغان عبوری حکومت کو مضبوط کرنا ضروری ہے، دنیا امریکہ پر افغان عوام کے منجمند اثاثے بحال کرنے کیلئے دبائو ڈالے تاکہ افغان حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تنخواہیں ادا کرنے کے قابل ہو سکے۔

دفاعی تجزیہ کار نے کہا کہ چار ماہ کے اندر او آئی سی اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، امید ہے کہ اس کانفرنس کے بعد اسلامو فوبیا، مسئلہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان سمیت درپیش مسائل پر پیشرفت ہو گی۔ تبصرہ نگار نوخیزساہی نے کہا کہ او آئی سی بڑا پلیٹ فارم ہے، پاکستان نے تمام اسلامی ممالک کو او آئی سی کی چھتری تلے متحد ہونے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے تاکہ مل کر مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کر سکیں، جس طرح اسلاموفوبیا کے معاملے پر مسلم امہ یک زبان ہوئی تھی، اگر اسی طرح تمام اسلامی ممالک مل کر مسئلہ کشمیر اور فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں تو ضرور کوئی نتیجہ نکل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اقوام متحدہ کے اداروں کی رپورٹس دنیا کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں، او آئی سی اور عالمی برادری کو افغانستان کی سپورٹ کیلئے آگے آنا ہو گا۔ تجزیہ کار ہمایوں خان نے کہا کہ معاشی اور انسانی بحران کے چیلنجز کی وجہ سے افغانستان کے مسائل تیزی سے بڑھ رہے ہیں، تمام او آئی سی ممالک کو چاہیے کہ وہ افغانستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف تھے لیکن دنیا میں پاکستان کی اہمیت بڑھ رہی ہے، اس وقت نہ صرف اسلامی ممالک بلکہ چین اور روس سمیت دنیا کے بڑے بڑے ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی میزبانی پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔