کابل۔2ستمبر (اے پی پی):افغانستان کے شمالی صوبہ تخار میں ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کی لاگت سے کمرشل ٹاؤن شپ منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے ،جسے مقامی تجارت اور اقتصادی نمو کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔شنہوا کے مطابق اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے خدمت پر مبنی اور پیداواری انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے پائیدار ترقی کے لئے اہم ہیں کیونکہ یہ پیداواری صلاحیت کو بڑھاتے ہیں، برآمدات میں اضافہ کرتے ہیں، صنعتی ترقی کو آگے بڑھاتے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں اور قومی آمدنی میں اضافہ کرتے ہیں۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تیار کردہ اس منصوبے میں 2.45 بلین افغانی (35.7 ملین امریکی ڈالر سے زائد) کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 60 ایکڑ اراضی پر محیط اس تجارتی مرکزمیں 2,000 سے زیادہ دکانیں ہوں گی۔حکام کو توقع ہے کہ اس منصوبےسے مقامی افراد کے لئے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے اور یہ صوبے میں ایک اہم تجارتی مرکز بنے گا۔