افغانستان کے وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کا دوبئی میں مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ

68
صومالیہ کے وزیر خارجہ عبد السید ایم علی کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):افغانستان کے وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے اتوار کو دوبئی میں اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزراء خارجہ نے افغان عمل امن پر اب تک سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان کو پرامن اور مستحکم بنانے کیلئے اپنی مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پر امن، اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ہم افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے ۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں ’’ استنبول پراسس‘‘ دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے معاون ثابت ہو گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ ادا کیا۔افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے استنبول میں ملاقات پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کو "استنبول پراسس اجلاس کے بعد اسلام آباد مدعو کر لیا۔