کابل۔24فروری (اے پی پی):افغانستان کے 16 صوبوں میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی۔ شنہوا کے مطابق افغان عبوری حکومت کی وزارت صحت کے ترجمان شرافت زمان امرخیل نے پیر کو 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً 6.3 ملین بچوں کو پولیو وائرس سے بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیر سے جمعرات تک چلنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران ملک کے 34 میں سے 16 صوبوں میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے قبائلی عمائدین، مذہبی سکالرز اور والدین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ فعال کردار ادا کریں اور پولیو ورکرز کو مہم کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لئے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں۔ دریں اثنا محکمہ صحت کے حکام نے گزشتہ ہفتے مغربی صوبہ بادغیس میں پولیو کیس کی اطلاع دی ہے۔