کابل۔ 22 مارچ (اے پی پی) افغانستان کی کرکٹ ٹیم رواں برس شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں جنوبی افریقہ کی تیز وکٹوں پر ٹریننگ کرے گی۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ انگلینڈ میں ہو رہا ہے اسلئے وہاں کی تیز وکٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بلے بازوں کو باﺅنسی وکٹوں پر پریکٹس کا موقع فراہم کرنے کیلئے ہم نے جنوبی افریقہ میں تربیتی کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں مشکل وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو اور اس کے ساتھ ساتھ ان کا اعتماد بھی بڑھے۔ افغانی ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف چار ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے۔ افغانی بلے باز حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ورلڈ کپ بڑا ٹورنامنٹ ہے اس کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہو گی۔