افغان طالبان ،پاکستان یا کسی دوسرے پڑوسی ملک پر افغان سرزمین سےدہشت گرد تنظیموں کےحملوں کو روکیں ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس

199

اقوام متحدہ ۔19دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےافغان طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ افغان سرزمین سےپاکستان یا کسی دوسرے پڑوسی ملک پر دہشت گرد تنظیموں کےحملوں کو روکیں ۔ اقوام متحدہ اس سلسلے میں ڈی فیکٹو حکام کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔پیر کو اے پی پی کے نمائندے نےپاکستان کے خلاف تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے سرحد پار سے بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں سوال کیا جن میں کئی جانوں کا نقصان ہوا۔

اس کے جواب میں اقوام متحدہ کے سربراہ نےکہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ طالبان کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ پاکستان سمیت کسی دوسرے پڑوسی ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ سرگرمی کی اجازت نہ دے ۔انہوں نے سال کے آخر میں اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ کئی واضح چیزیں ہیں جو طالبان کو بین الاقوامی برادری اور خود افغانستان کے مفاد میں کرنا ہوں گی۔

سیکرٹری جنرل نے اس بات پر زور دیاکہ افغانستان کے اقتدار میں تمام نسلی گروہوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا پہلو انسانی حقوق اور خاص طور پر لڑکیوں کے سکول جانے کےحقوق سے متعلق ہے ۔ تمام بچیوں کو بلاامتیاز ہر سطح پر اسکول جانا چاہیئے۔