افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش صوبہ ننگر سے ملنے کی تصدیق کردی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

72

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش افغانستان کے صوبہ ننگر سے ملنے کی تصدیق کی ہے، اس سلسلہ میں افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کو آگاہ کر دیا ہے، لاش کے قریب طاہر خان داوڑ کا سروس کارڈ بھی ملا ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کو آگاہ کیا ہے کہ صوبہ ننگر ہار کے ضلع در بابا کے مقامی افراد کو ایک لاش ملی ہے۔ افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ لاش کے قریب سے خیبر پختونخوا کے ایس پی طاہر خان داوڑ کا سروس کارڈ بھی ملا ہے۔ مقامی پولیس نے لاش کو مہمند درہ ڈسٹرکٹ اور بعد ازاں افغان حکام نے جلال آباد منتقل کیا۔ لاش کی وصولی اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل لاش کو طورخم سرحد کے راستے پاکستان منتقل کریں گے۔ ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ افغان سفارتخانہ کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہے جبکہ کابل میں بھی پاکستانی سفارتخانہ گزشتہ شب سے افغان وزارت خارجہ امور کے ساتھ رابطہ میں ہے۔