افغان پناہ گزینوں کی غیر قانونی سرگرمیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا ہے، سکیورٹی ذرائع

120
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی غیر قانونی سرگرمیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا ہے جہاں 3 لاکھ 21 ہزار 677 غیر قانونی افغان باشندے رہائش پذیر ہیں، صوبے میں افغان باشندے اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ، ٹریفک حادثات، انسانی سمگلنگ اور دیگر بڑے جرائم میں ملوث ہیں جن میں سے 3911 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق غیر قانونی افغان باشندے پاکستان میں متعدد جرائم کی بڑھتی شرح کی اہم وجہ ہیں۔ خیبرپختونخوا افغان پناہ گزینوں کی غیر قانونی سرگرمیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت خیبرپختونخوا میں 3 لاکھ 21 ہزار 677 غیر قانونی افغان باشندے رہائش پذیر ہیں۔ صوبے میں افغان باشندے اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحہ، ٹریفک حادثات، انسانی سمگلنگ اور دیگر بڑے جرائم میں ملوث ہیں۔

بہت سے غیر قانونی افغان باشندے خیبرپختونخوا میں مختلف جرائم میں مطلوب ہیں جن میں سے 3911 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق 2014 سے اب تک 287 افغان باشندے غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث گرفتار ہیں جن میں سے 21 کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔ خیبرپختونخوا کی جیلوں میں موجود 432 غیر قانونی افغانیوں کے مختلف مقدمات زیر سماعت ہیں جبکہ 44 افغانیوں پر جرم ثابت ہو چکا ہے۔ ماہرین جا کہنا ہے کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ پاکستان میں موجود غیر قانونی شہریوں کو رجسٹریشن کے ذریعے ریکارڈ پر لایا جائے تاکہ ایک منظم طریقہ کار کے ذریعے غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی کا عمل شروع کیا جاسکے۔